منگلورو،10؍دسمبر (ایس او نیوز) کنداور فلنیر علاقے میں 15نومبر کی رات میں مسجد سے نماز کرکے واپس لوٹتے وقت کرناٹکا مسلم جماعت کے سیکریٹری وینئی عبداللہ پر جو قاتلانہ حملہ ہوا تھا اور پھر 23نومبر کو اسپتال میں عبداللہ کی دیکھ بھال کررہے ان کے دامادنوشاد کو جان سے مارنے کی جوکوشش کی گئی تھی، ان دونوں معاملات میں ایف آئی آر کے اندر ملزمین کی نشاندہی کرنے اور ویڈیو فوٹیج ہونے کے باوجود پولیس نے اب تک کسی ایک ملزم کوبھی گرفتار نہیں کیا ہے۔ پولیس کی طرف سے کی جارہی اس تساہلی کے خلاف مسلم اداروں کےفیڈریشن کی طرف سے 11دسمبر کو 3 بجے منی ودھان کے سامنے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔
مسلم فیڈریشن کی جانب سے جاری کیے گئے اخباری بیان میں کہا گیا ہے کہ وینئی عبداللہ پر قاتلانہ حملے کے تعلق سے ایف آئی آر کئی افراد کے نام درج کیے گئے ہیں۔ نوشاد پر حملے کی ویڈیو فوٹیج موجود ہے۔ اس کےبعد بھی پولیس کی طرف سے کسی قسم کی کارروائی نہ کرنا تعجب کی بات ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ ملزمین چاہے کتنے ہی بااثر افراد کیوں نہ ہوں، انہیں جلد از جلد گرفتار کرکے ایسی سزا دینی چاہیے کہ آئندہ اس طرح کی حرکت کرنے والوں کو سبق ملے۔